ڈپٹی کمشنر کا شمسی انڈر پاس پر گندم خریداری مرکز کا دورہ
باردانہ کی دستیابی‘اجرا کے طریقہ کار، گندم خریداری پالیسی پر افسروں نے بریفنگ دی
گوجرانوالہ(سٹاف رپورٹر) نے شمسی انڈر پاس پر قائم گندم خریداری مرکز کا دورہ کیا۔ انہوں نے موقع پر موجود انتظامات، گندم خریداری کے طریقہ کار، کسانوں کی سہولت کے لیے اقدامات اور مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا۔ متعلقہ افسر وں نے ڈپٹی کمشنر کو باردانہ کی دستیابی، اجرا کے طریقہ کار، گندم خریداری پالیسی اور ڈیجیٹل رجسٹریشن سسٹم کے حوالے سے بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے ہدایت کی کہ باردانہ کی منصفانہ اور شفاف تقسیم کو یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی بے ضابطگی برداشت نہیں کی جائیگی۔بریفنگ میں بتایا گیا کہ گندم کی فی من قیمت 3500روپے مقرر کی گئی ہے ۔ کسانوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ گندم فروخت کرنے کیلئے آن لائن رجسٹریشن مکمل کریں تاکہ شفاف اور تیز تر ادائیگی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے ۔ ڈپٹی کمشنر نے موقع پر موجود کسانوں سے بھی بات چیت کی، ان کے مسائل سنے اور فوری حل کیلئے متعلقہ افسر وں کو احکامات جاری کئے ۔ انہوں نے رجسٹریشن کاؤنٹرز، ریکارڈ کیپنگ اور دیگر انتظامی امور کا معائنہ بھی کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ گندم خریداری مہم کو مکمل شفافیت، سہولت اور میرٹ کی بنیاد پر پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔