گرمی بڑھتے ہی دریائوں ‘ نہروں پر نہانے والوں کا رش
دوپہر کو چناب کنارے رونق ، نوجوان کشتی رانی اور تیراکی سے بھی لطف اندوز
جامکے چٹھہ(نامہ نگار )گرمی کی شدت میں اضافہ ہوتے ہی نوجوانوں نے دریائے چناب ،نہرلوئرچناب اور راجباہوں کا رخ کر لیا۔ شدید گرمی سے بچنے کیلئے نوجوانوں کی بڑی تعداد دریا چناب کے ٹھنڈے پانی میں نہانے اور تفریح کرنے میں مصروف ہو گئی ۔مقامی افراد کے مطابق دوپہر کے اوقات میں دریا کے کنارے خاصا رش دیکھنے میں آ یا جہاں نوجوان دوستوں کے ساتھ مل کر گرمی کا مقابلہ کر نے کے ساتھ ساتھ خوشگوار لمحات بھی گزار رہے ہیں۔ بعض نوجوان کشتی رانی اور تیراکی سے بھی لطف اندوز ہوتے نظرآئے جبکہ کچھ نوجوان صرف پانی میں بیٹھ کر ٹھنڈک حاصل کرتے رہے ۔دوسری جانب بزرگوں اور سماجی حلقوں نے خبردار کیا ہے کہ بغیر حفاظتی اقدامات کے گہرے پانی میں جانا خطرناک ثابت ہو سکتا ہے ۔ انہوں نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ بچوں پر نظر رکھیں اور نہانے کے دوران احتیاطی تدابیر ضرور اختیار کریں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے ۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گرمی کے موسم میں ایسے تفریحی مواقع خوشی کا باعث ضرور بنتے ہیں ۔تاہم انسانی جان کی حفاظت کو اولین ترجیح دینی چاہیے ۔