مہنگی بجلی اور گیس نے کاروبار مشکل بنا دیا :خالد لون
بیروزگاری سے نوجوانوں مایوس ‘حکومت ترقیاتی بجٹ سے کٹوتی کر کے ریلیف دے
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)سینئر سیاسی رہنما خالد عزیز لون نے کہا ہے کہ بجلی اور گیس کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عام آدمی کیساتھ ساتھ کاروباری برادری کی مشکلات میں بھی بے پناہ اضافہ کر دیا ،مہنگائی کے اس طوفان نے نہ صرف گھریلو اخراجات کو بڑھا دیا بلکہ کاروباری سرگرمیوں کو بھی شدید متاثر کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بجلی گیس کے بلوں نے غریب آدمی کا بھرم توڑ دیا ہے ، بے روزگاری میں اضافے سے نوجوانوں میں مایوسی پیدا ہو چکی ہے حکومت ترقیاتی بجٹ سے کٹوتی کر کے عوام کو ریلیف فراہم کرے ۔توانائی کے نرخوں میں مسلسل اضافے کے باعث پیداواری لاگت میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے جس کے نتیجے میں مقامی صنعت عالمی منڈی میں مقابلہ کرنے کی صلاحیت کھو رہی ہے ۔ خصوصاً چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری ادارے شدید دباؤ کا شکار ہیں۔خالد عزیز لون کا کہنا تھا کہ خام مال کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافے نے کاروبار کرنا مزید مشکل بنا دیا ہے اور کئی چھوٹے کاروبار بند ہونے کے قریب ہیں۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بے روزگاری میں خطرناک حد تک اضافہ ہو سکتا ہے اور معیشت مزید بحران کا شکار ہو جائے گی۔