وولٹیج کی کمی بیشی،صارفین کے برقی آلات ناکارہ
سیالکوٹ کے محلہ امام صاحب میں 220کے بجائے 450وولٹ آ نے سے پنکھے‘ریفریجریٹر‘ٹی وی اور دیگر آلات جل گئے ‘دیگر علاقوں میں بھی صورتحال ابتر
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ ، وولٹیج کی کمی بیشی سے صارفین کے برقی آ لات ناکارہ ہونے لگے ۔ شہر کے مختلف علاقوں مبارک پورہ، میانہ پورہ، مراد پور ، خادم علی روڈ، ضلع کچہری، واٹر ورکس، پریم نگر، محمد پورہ، روہیل گڑھا، فتح گڑھ، حاجی پورہ، نیکاپورہ و دیگر علاقوں میں بجلی کی اچانک بندش کی شکایات متعلقہ حکام کو متعدد بار کی گئیں مگر ان کے کان پر جوں تک نہیں رینگی، گزشتہ روز بجلی وولٹیج انتہائی زیادہ آنے کے باعث متعدد صارفین کی قیمتی الیکٹر انکس اشیا جل گئیں جس پر متاثرہ صارفین نے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ انہیں لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا ۔ محلہ امام صاحب میں بھی بجلی کے وولٹیج خطرناک حد تک بڑھ گئے جہاں 240وولٹ کے بجائے تقریباً 450 وولٹ سپلائی ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں۔ اس غیر معمولی وولٹیج کے باعث متعدد گھروں میں برقی آلات جل گئے اور شہریوں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔علاقہ مکینوں کے مطابق اچانک وولٹیج بڑھنے سے فریج، پنکھے ، ٹی وی اور دیگر قیمتی سامان خراب ہو گیا ۔ شہریوں گلزار احمد، فرحان علی، عبدالرحمان، نوید احمد، سلطان احمد، محمد اعجاز، محمد عمران، احتشام رضا و دیگرنے احتجاج کرتے ہوئے ایکسین گیپکو سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کو در پیش بجلی سپلائی کے نقصان دہ مرحلہ کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے احکامات جاری کی جائیں۔