پاور لومز مزدوروں کا احتجاج ، تنخواہ 80ہزار کرنیکا مطالبہ
فیکٹر یاں بند ہونے سے بیروزگار ، مہنگائی نے فاقہ کشی پر مجبور کر دیا:مظاہرین
حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دنیا )بڑھتی مہنگائی بے روزگاری اور پاورلومز فیکٹریوں کی بندش کیخلاف مزدوروں نے محلہ میاں دا کوٹ میں احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے ریلی نکالی جس کی قیادت پاورلومز ایسوسی ایشن کے صدر محمد رمضان اور دیگر ضلعی رہنماؤں محمد یوسف چیئرمین، جنید عرف طوطی، افتخار احمد، محمد عمران ، مزمل احمد، باوابوٹا، ملک صابر، ملک عبدالرشید انصاری نے کی۔اس موقع پر مظاہرین نے نعر ے بازی کرتے ہوئے کہا کہ پاورلومز فیکٹریوں پر تالے لگنے سے نہ صرف وہ بے روزگار ہورہے ہیں بلکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی بے روزگاری سے وہ فاقہ کشی میں بھی مبتلا ہورہے ہیں ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ مزدوروں کی کم ازکم ماہانہ تنخواہ 80ہزار روپے مقررکی جائے اور اسکے ساتھ ساتھ انہیں لیبر ایکٹ کے تحت رجسٹر کرکے تمام مراعات فراہم کی جائیں،مزید برآں ان کے بچوں کی تعلیم کیلئے الگ سکولز بھی قائم کئے جائیں۔