سہولت بازار میں سکیورٹی رقم کی عدم واپسی، متاثرین دربدر
قرعہ اندازی میں دکان نہ ملنے والوں کو 15 روز میں واپسی کا وعدہ ، 3 ماہ گزر گئے
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر )سہولت بازار میں سکیورٹی رقم کی عدم واپسی، متاثرین دربدر، انتظامیہ خاموش تماشائی بن گئی ۔بتایاگیاہے کہ نوشہرہ ورکاں کے سہولت بازار میں دکانوں کے حصول کیلئے جمع کروائی گئی سکیورٹی رقم کی عدم واپسی پر متاثرہ شہری شدید پریشانی کا شکار ہو گئے جبکہ متعلقہ انتظامیہ کی جانب سے معاملے پر خاموشی اختیار کیے جانے پر تشویش میں اضافہ ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق فی کس 16 ہزار 500 روپے سکیورٹی کی مد میں وصول کیے گئے قرعہ اندازی میں دکان نہ ملنے والے افراد کو 15 ہزار روپے واپس کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا اور انتظامیہ کے مطابق یہ رقم 15 روز کے اندر واپس کی جانی تھی تاہم یکم فروری کو ہونے والی قرعہ اندازی کے بعد 3 ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے باوجود متاثرین کو ان کی رقم واپس نہیں مل سکی ۔متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ وہ مسلسل متعلقہ دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں مگر ہر بار نئی تاریخ دے کر ٹال دیا جاتا ہے انہوں نے الزام عائد کیا کہ سہولت بازار کے منیجر اس معاملے میں کوئی خاطر خواہ تعاون نہیں کر رہے ،متاثرین نے اعلیٰ حکام سے سکیورٹی رقم کی بلا تاخیر واپسی یقینی بنانے کا مطالبہ کیا ہے ۔