حافظ آباد:سیوریج کیلئے کھدائی ، علاقہ مکینوں کو مشکلات

حافظ آباد:سیوریج کیلئے کھدائی ، علاقہ مکینوں کو مشکلات

کام انتہائی سست ، کئی روز سے سڑک آ مدو رفت کیلئے بند ہے :شہریوں کی گفتگو

حافظ آباد(نامہ نگار ، نمائندہ دُنیا )شہر میں جاری سیوریج کے میگا پراجیکٹ کے سلسلہ میں ونیکے تارڑ،کولو لنک روڈنزد سرکاری کوارٹرز (میاں دا کوٹ) پر سیوریج پائپ لائن بچھانے کیلئے کئی روز قبل شروع کیا جانے والا ترقیاتی کام تاحال مکمل نہ ہو سکا جس کے باعث مقامی آبادی کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔ چند ہفتے قبل بہترین ٹف ٹائل سے تعمیر شدہ ونیکے تارڑ، کولو لنک روڈ کو سیوریج لائن بچھانے کیلئے بہت گہرا کھودا گیا تھا، تاہم اہلِ علاقہ کا کہنا ہے کہ منصوبے پر کام انتہائی سست رفتاری سے جاری ہے ۔ مقامی شہریوں کے مطابق ٹھیکیدار بعض اوقات صرف ایک دن کرین اور مشینری کے ذریعے کام کراتا ہے جبکہ اس کے بعد دو سے تین روز تک کام مکمل طور پر بند رہتا ہے جس کے باعث منصوبہ غیر ضروری تاخیر کا شکار ہو چکا ہے ۔علاقہ مکینوں کا کہنا ہے کہ سڑک کئی دنوں سے آمدورفت کیلئے جزوی یا مکمل طور پر بند ہے جس سے طلبہ، ملازمت پیشہ افراد، بزرگوں، خواتین اور کاروباری طبقے کو روزمرہ نقل و حرکت میں شدید مشکلات پیش آ رہی ہیں۔ اہلِ علاقہ نے متعلقہ انتظامیہ، محکمہ تعمیرات اور ٹھیکیدار سے مطالبہ کیا ہے کہ منصوبے پر کام کی رفتار تیز کرتے ہوئے مسلسل بنیادوں پر کام جاری رکھا جائے تاکہ سیوریج منصوبہ جلد مکمل ہو اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ممکن بنایا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں