گوالوں کا دودھ کی قیمت بڑھانے کا اعلان، نکیل ڈالنے کیلئےپیرا فورس کو گرفتاریوں کا حکم
10 مئی کے بعد دودھ 250 روپے لٹر ، دہی 280 روپے کلو فروخت ہوگا ، گوالے اور ڈیلرز قیمتیں بڑھانے پر مجبور کر رہے :دکاندار ،انتظامیہ بھی متحرک ، جرمانوں کیساتھ گرفتاری بھی ہوگی
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)گوجرانوالہ میں شیر فروشوں کی جانب سے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کا عندیہ،دودھ 250روپے لٹر جبکہ دہی 280روپے فی کلو ہو جائیگا ،ضلعی انتظامیہ نے دودھ فروشوں کو لگام دینے کیلئے پیرا فورس کو احکامات جاری کر د ئیے ،دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کو پیرا فورس گرفتار کریگی۔بتایا گیا ہے کہ گوالوں اور ڈیلرز نے دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کیلئے تمام دودھ فروشوں کو آگاہ کر دیا ہے کہ 10مئی کے بعد قیمتوں میں اضافہ کر دیا جائیگا۔ شہریوں نے انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ دودھ فروشوں کو ابھی سے نکیل ڈالا جائے تاکہ دودھ کی قیمتوں میں اضافہ نہ ہوسکے ۔ ضلعی انتظامیہ کے ذرائع کا کہنا ہے زائد قیمت پر دودھ فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کیلئے پیرا فورس کو احکامات جاری کر د ئیے گئے ہیں،دودھ کی قیمتوں میں اضافہ کرنے والوں کو نہ صرف بھاری جرمانے کئے جائینگے بلکہ ان کی گرفتاری بھی عمل میں لائی جائیگی۔ شیر فروشوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ کو بڑے دودھ ڈیلرز کیخلاف کارروائی کرنی چاہیے جو قیمتوں میں اضافہ کیلئے دکانداروں کو مجبورکر رہے ہیں۔