بڈیانہ :نالے پر فلڈسے ٹوٹے پل عدم تعمیر ، حادثات معمول
ایک روز قبل حادثے میں شہری عمران جاں بحق ، والدہ صدمے سے چل بسی شہریوں کے محکمہ ہائی وے کی کار کر دگی پر تحفظات ،وزیراعلیٰ سے نو ٹس کا مطالبہ
پسرور (تحصیل رپورٹر)بڈیانہ کے نالہ پر سیلابی پانی سے ٹوٹنے والے پلوں کی تعمیر کا کام تاحال شروع نہ ہو سکا، 10 ماہ گزر جانے کے باوجود محکمہ ہائی وے سیالکوٹ کی جانب سے عملی اقدام سامنے نہ آ سکا۔ پلوں کی خستہ حالی اور عدم تعمیر کے باعث روزانہ حادثات معمول بن چکے ہیں جس سے شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے ۔گزشتہ روز افسوسناک واقعہ میں چونڈہ کے رہائشی عمران بٹ ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہو گئے ۔
اہل خانہ کے مطابق بیٹے کی وفات کاسن کر والدہ بھی صدمے کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کر گئیں جس سے پورے علاقے میں سوگ کی فضا چھا گئی۔مقامی شہریوں نے محکمہ ہائی وے سیالکوٹ کی کارکردگی پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ٹوٹے ہوئے پلوں کی بروقت تعمیر نہ ہونے کے باعث قیمتی جانیں ضائع ہو رہی ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر متعلقہ ادارہ بروقت اقدامات کرتا تو ایسے افسوسناک واقعات سے بچا جا سکتا تھا۔اہل علاقہ نے وزیر اعلیٰ مریم نواز سے بڈیانہ میں ٹوٹے پلوں کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیر شروع کرانے کا مطالبہ کیا ہے۔