مرکزی انجمن تاجران کا سمارٹ لاک ڈائون ختم کرنیکا مطالبہ
ٹیکسوں کا بوجھ تاجر طبقہ مزید برداشت نہیں کر سکتا:صدر کاشف چودھری کی پر یس کانفرنس
گوجرانوالہ (نیوز رپورٹر)مرکزی تنظیمِ انجمن تاجران پاکستان کے صدر محمد کاشف چودھری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ سمارٹ لاک ڈاؤن فوری طور پر ختم کیا جائے ، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کیا گیا اضافہ واپس لیا جائے جبکہ بجلی و گیس کے بلوں پر عائد اضافی ٹیکسز، پی او ایس سسٹم اور پیرا فورس جیسے اقدامات بھی ختم کیے جائیں۔ پریس کلب میں گوجرانولہ کی تاجر تنظیموں کے قائدین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سمارٹ لاک ڈاؤن کے باعث اب تک چھوٹے کاروبار کو دو سو ارب روپے سے زائد نقصان پہنچ چکا ہے جبکہ حکومت کو بھی پچاس ارب روپے کے ٹیکس ریونیو سے محرومی کا سامنا کرنا پڑا۔
ان کا کہنا تھا کہ رات آٹھ بجتے ہی مارکیٹوں میں خوف و ہراس کی کیفیت پیدا ہو جاتی ہے اور پکڑو پکڑو کا شور مچ جاتا ہے ایسا محسوس ہوتا ہے جیسے تاجر کوئی مجرم ہوں۔انہوں نے کہا کہ تاجر برادری کروڑوں روپے کا کاروبار اور باقاعدگی سے ٹیکس ادا کرتی ہے مگر اس کے باوجود ان کے ساتھ ظالمانہ رویہ اختیار کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ٹیکس نظام کو آسان بنایا جائے اور چار سو لائنوں پر مشتمل پیچیدہ ریٹرن فارم کی جگہ مختصر اور سادہ فارم متعارف کرایا جائے ۔ کاشف چودھری نے کہا کہ موجودہ ٹیکسوں کا بوجھ تاجر طبقہ مزید برداشت نہیں کر سکتا جبکہ نوجوان سرمایہ کار اور صنعتکار ملک چھوڑنے پر مجبور ہو رہے ہیں۔