حافظ آباد:صفائی ستھرائی کے دعوے حقائق کے بر عکس نکلے

حافظ آباد:صفائی ستھرائی کے دعوے حقائق کے بر عکس نکلے

مرکزی شاہراہوں پر صفائی، گلی محلوں اور اندرون شہر صورتحال انتہائی تشویشناک ورکرز دوران ڈیوٹی رکشے اور مشینری کھڑی کرکے موبائل فون میں مصروف

حافظ آباد(نامہ نگار ،نمائندہ دُنیا ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت صوبہ بھر میں صفائی کے نظام کو بہتر بنانے ، شہروں کو خوبصورت بنانے اور کوڑا کرکٹ سے پاک ماحول فراہم کرنے کے دعوے اور ضلعی انتظامیہ کے اقدامات حافظ آباد میں زمینی حقائق کے برعکس دکھائی دینے لگے ۔شہر کے گلی محلوں، اندرونی آبادیوں، دور دراز علاقوں میں مویشیوں کے ڈیرے اور تعفن زدہ ماحول شہریوں کیلئے مسلسل اذیت کا باعث بننے لگا۔ حافظ آباد شہر کی مرکزی شاہراہوں اور نمایاں مقامات پر وقتی صفائی کی جاتی ہے مگر اندرونی علاقوں میں صورت حال انتہائی تشویشناک ہے ۔شہریوں کے مطابق صفائی عملے کی کارکردگی پر مؤثر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے باعث صورتحال روز بروز خراب ہو رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق صفائی عملہ ڈیوٹی کے آغاز میں گروپ تصاویر بنا کر متعلقہ افسر وں کو ارسال کر دیتا ہے جس کے بعد کاغذی کارروائی مکمل تصور کر لی جاتی ہے جبکہ عملی طور پر بیشتر مقامات پر صفائی کا کام نہ ہونے کے برابر دکھائی دیتا ہے ۔شہریوں نے الزام عائد کیا ہے کہ صفائی عملے کے بعض اہلکار ڈیوٹی کے اوقات میں موبائل فونز کے استعمال میں مصروف رہتے ہیں جبکہ رکشے اور دیگر مشینری کھڑی نظر آتی ہے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ صرف تصویری رپورٹنگ کے بجائے عملی مانیٹرنگ کو یقینی بنایا جائے ، ڈیوٹی کے دوران غفلت اور لاپروا ئی برتنے والوں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں