پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال کے با عث سائلین خوار
مطالبات کے حق میں احتجاجی کیمپ ،سکیل اپ گریڈ کے فیصلے پر عملدر آ مد کا مطالبہ
وزیر آباد ، نوشہرہ ورکاں (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، تحصیل رپورٹر ، نمائندہ دنیا ) سکیل اپ گریڈیشن کے مطالبے پر پٹواریوں کی قلم چھوڑ ہڑتال، سائلین کو شدید مشکلات کا سامنا رہا ۔ بتایاگیا ہے کہ نوشہرہ ورکاں سمیت پنجاب بھرمیں پٹواریوں نے سکیل اپ گریڈیشن کے معاملے پر احتجاج کرتے ہوئے قلم چھوڑ ہڑتال کر دی اس سلسلے میں انجمن پٹواریان نوشہرہ ورکاں کی جانب سے تحصیل آفس کے احاطے میں احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا جہاں پٹواریوں نے اپنے مطالبات کے حق میں احتجاج ریکارڈ کر ایاانجمن پٹواریان نوشہرہ ورکاں کے صدر ارشد گجر اور جنرل سیکرٹری علی حسن پٹواری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب نے سال 2015 میں محکمہ مال کے پٹواریوں کی سکیل اپ گریڈیشن کی سمری منظور کی تھی تاہم تاحال اس پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
انجمن پٹواریان تحصیل وزیرآباد کے زیر اہتمام صوبائی صدر انجمن پٹواریا ں کی ہدایت پر پٹوار خانہ وزیرآباد میں ہڑتالی کیمپ کے سلسلہ میں اہم اجلاس تحصیل وزیرآباد کے مختلف حلقہ جات میں تعینات پٹواریوں نے شرکت کی ، ا جلاس میں باہمی مشاورت سے حکومت پنجاب اور بورڈ آف ریونیو کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے فیصلہ کیا گیا کہ سال 2015 میں منظور ہونے والی سمری جو گزشتہ دس برس سے بورڈ آف ریونیو میں عملدرآمد کی منتظر ہے ، تاحال نافذ نہیں کی گئی جس پر پٹواری برادری میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے ۔