20 سال قبل تعمیر علی پور چٹھہ بائی پاس غیر فعال ، اندرون شہر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار
سڑک پر گہرے گڑھوں اور اکھڑے سریوں کے با عث گاڑیوں کو نقصان ، حادثات معمول ،اندرون شہر ٹریفک کا دبائو، گاڑیوں کی قطاریں ، کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر، شہریوں کا احتجاج
علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )اندرون شہر سڑکیں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ، بے ہنگم ٹریفک اور حادثات معمول بن گئے ،20 سال قبل تعمیر علی پورچٹھہ بائی پاس تاحال فعال نہ ہوسکا، شہری سراپا احتجاج بن گئے ۔ شہر کی مرکزی شاہراہ عرصہ دراز سے خستہ حالی کا شکار ہے ،جگہ جگہ گڑھے پڑ چکے ہیں جبکہ اکھڑے سریے گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں کے ٹائروں کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔شہریوں کا کہنا ہے کہ گڑھوں سے بچنے کی کوشش میں موٹر سائیکل سوار اکثر گاڑیوں سے ٹکرا جاتے ہیں جس کے باعث حادثات رونما ہو رہے ہیں۔
شہریوں نے بتایا کہ بارش کے دوران گڑھوں میں پانی بھر جانے سے سفر مزید خطرناک ہو جاتا ہے کیونکہ گہرائی کا انداز ہ نہیں ہو پاتا ،مریضوں کو طبی امداد اور گوجرانوالہ ہسپتال منتقل کرنے والی گاڑیوں اور ایمبولینسوں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ، مشرف دور میں تعمیر بائی پاس غیر فعال ہونے کے باعث بھاری ٹریفک اندرون شہر سے گزر رہی ہے ، ٹریفک جام رہنا معمول جبکہ کاروباری سرگرمیاں بھی متاثر ہو رہی ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔