گندم کی غیر قانونی ذخیرہ اندوزی پر آپریشن کی تیاریاں
مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے والے افراد اور گودام مالکان کی فہرستیں مرتب،محکمہ خوراک نے خریداری کا ہدف مکمل کرنے کیلئے اقدامات تیز کر دئیے
نوشہرہ ورکاں (تحصیل رپورٹر)غیر قانونی گندم ذخیرہ کرنے والوں کیخلاف بڑے آپریشن کی تیاریاں، محکمہ خوراک متحرک ہو گیا ۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ فوڈ نے رواں سیزن کے دوران ایک لاکھ 25 ہزار بوری گندم خریداری کا ہدف مکمل کرنے کیلئے عملی اقدامات تیز کر د ئیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق مختلف علاقوں میں غیر قانونی طور پر گندم ذخیرہ کرنے والے افراد اور گودام مالکان کی فہرستیں مرتب کر لی گئی ہیں جبکہ آئندہ چند روز میں بڑے پیمانے پر کارروائی شروع کئے جانے کا امکان ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ بغیر لائسنس گندم ذخیرہ کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی اور ذخیرہ شدہ گندم قبضے میں لے کر سرکاری پالیسی کے تحت خریداری کا عمل مکمل کیا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق ممکنہ کارروائیوں کے دوران مزاحمت کی صورت میں پیرا فورس کی معاونت بھی حاصل کی جا سکتی ہے ۔دوسری جانب مجوزہ کارروائیوں کے باعث کاشتکاروں اور تاجروں میں تشویش پائی جا رہی ہے ۔ محکمہ فوڈ حکام کا کہنا ہے کہ تمام اقدامات حکومتی پالیسی اور مقررہ خریداری ہدف کے مطابق کئے جا رہے ہیں۔