پنڈوری خورد کا آؤٹ سورس سکول باڑے میں تبدیل

پنڈوری خورد کا آؤٹ سورس سکول باڑے میں تبدیل

ٹوٹے تالے ،واش روم غیر فعال ،احاطہ میں خود رو جھاڑیاں،جانوروں کی چراگاہ

علی پورچٹھہ(تحصیل رپورٹر )پنڈوری خورد کا آؤٹ سورس پرائمری سکول جانوروں کے باڑے میں تبدیل ہو گیا ، سکول جھاڑیوں، گوبر کے ڈھیروں اور نشئیوں کا مسکن بن گیا ، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ۔ پنڈوری خورد کے پرائمری سکول کو آؤٹ سورس کیے جانے کے بعد اس کی حالت مزید ابتر ہو چکی ہے ۔ سکول کے واش روم اٹے پڑے ہیں، تالے ٹوٹ چکے ہیں جبکہ کھلے دروازے غیر متعلقہ افراد اور نشئیوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن گئے ہیں۔ سکول کا احاطہ خودرو جھاڑیوں سے بھر چکا ہے جہاں جنگل جیسا منظر دکھائی دیتا ہے ۔ اہل علاقہ کے مطابق سکول کے اندر بھینسیں اور دیگر جانور آزادانہ گھومتے اور چرائی کرتے ہیں جبکہ جگہ جگہ گوبر کے ڈھیر لگے ہوئے ہیں۔ تعلیمی ماحول مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے اور بچے خوف، بدبو کے ماحول میں تعلیم حاصل کرنے پر مجبور ہیں۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ آؤٹ سورس کے بعد سکولوں کی نگرانی اور دیکھ بھال نہ ہونے کے برابر رہ گئی جس سے دیہی علاقوں کے تعلیمی ادارے زبوں حالی کا شکار ہیں۔ شہریوں نے شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ منتخب نمائندے ہر تقریب اور جلسے میں تعلیم کو اولین ترجیح قرار دیتے ہیں مگر زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں۔ شہریوں نے وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری ایجوکیشن اور متعلقہ حکام سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ دیہی علاقوں کے آؤٹ سورس سکولوں کی حالت زار کا ہنگامی بنیادوں پر جائزہ لیا جائے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں