ڈسکہ:بجلی کی غیر اعلانیہ طویل بندش ، شہریوں کا احتجاج
عید قربان پر شہری گرمی سے نڈھال‘عملہ کی کمی ، شکایات زیادہ ہیں :حکام
منڈیکی گورائیہ(نامہ نگار )ڈسکہ میں عیدالاضحی پر بجلی کی غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ، شہری سراپااحتجاج بن گئے ۔ ایکسین ڈسکہ اور ایس ڈی اوز سب ڈویژن نمبر1اور 2ڈسکہ کی طرف سے عیدالاضحی پر غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ کی گئی گھنٹوں بجلی بند رہنے کی وجہ سے شہریوں کو شدید مشکلات کاسامنا کرنا پڑا، بعض علاقوں میں تو پورا پورا دن اور پوری پوری رات بجلی نہ آئی جس کی وجہ سے قربانی بھی شہریوں نے گرمی میں کی اور گرمی سے نڈھال ہوگئے ۔ شہریوں نے بتایاکہ گیپکو حکام کی طرف سے ہمارے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیاجارہا ہے ، دوسرے شہروں میں اتنی لوڈشیڈنگ نہیں کی جارہی جتنی ہمارے علاقہ میں ہورہی ہے اور عیدکے دنوں میں بھی لوڈشیڈنگ کے جن نے ہمارا پیچھا نہیں چھوڑا ، ایکسین اور ایس ڈی اوز کو فون کریں تو وہ کال اٹینڈ کرنا گوار ا نہیں کرتے اور کمپلین آفس والوں نے نمبر بند کردئیے ہیں۔ شہریوں نے اعلیٰ حکام سے نوٹس لینے کامطالبہ کیاہے ۔رابطہ کرنے پر گیپکو حکام نے بتایاکہ ہمارے پاس عملہ کی کمی ہے کمپلین زیادہ ہونے کی وجہ سے صارفین کی شکایات کاازالہ نہیں ہوسکا۔