سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے اجتماعی قربانی ترجیح رہی
مہنگائی کے دور میں اجتماعی قربانی سفید پوش طبقے کیلئے نعمت سے کم نہیں:شہری
گوجرانوالہ(نیوز رپورٹر)عید الاضحی کے موقع پر سنت ابراہیمی کی ادائیگی کیلئے اجتماعی قربانی کو ترجیح دی گئی ،سنت ابراہیمی کی پیروی کرتے ہوئے قربانی تو کی گئی لیکن جانوروں کی قیمتوں میں اضافہ کے باعث لوگوں نے اجتماعی قربانی کو ترجیح دی۔ گوجرانوالہ کے 100سے زائد مقامات پر اجتماعی قربانی کا انتظام کیا گیا جہاں ہزاروں جانور وں کی قربانی کی گئی۔ گائے کی قربانی میں 35ہزارروپے فی کس حصے آیا اور ایک گائے کی قربانی سے 7حصہ داروں کی سنت ابراہیمی کی ادائیگی ہوئی۔اجتماعی قربانی میں حصہ لینے والے لوگوں کا کہنا تھا کہ مہنگائی کے اس دور میں اجتماعی قربانی سفید پوش طبقے کیلئے کسی نعمت سے کم نہیں ۔انہوں نے کہا کہ اجتماعی قربانیوں سے قصاب کی تلاش بھی نہیں کر نا پڑتی۔ دوسر ی طرف اجتماعی قربانی کرنیوالے منتظمین کا کہنا ہے کہ جانور ذبح ہونے کے بعد گوشت کا وزن کر کے اجتماعی قربانی کے حصہ داروں میں برابر تقسیم کر دیا گیا ۔اجتماعی قربانی سے لوگوں کی جیب پر بوجھ نہیں پڑتا اور سنت ابراہیمی کی ادائیگی بھی ہو جاتی ہے ۔