سیالکوٹ :گھنٹوں لوڈشیڈنگ‘شہری ذہنی مریض بننے لگے
ٹرانسفارمر جلنے ، ٹرپنگ اور دیگر تکینکی خرابیوں کے باعث بجلی کی فراہمی معطل
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )شدید گرمی میں گھنٹوں لوڈشیڈنگ ،شہری ذہنی مریض بننے لگے ،مختلف علاقوں میں ٹرانسفارمر جلنے ، ٹرپنگ اور دیگر تکینکی خرابیوں کے باعث کئی کئی گھنٹے بجلی کی فراہمی معطل رہنے لگی ۔ دن کے اوقات میں سولر سسٹمز کی وجہ سے بجلی کی طلب نسبتاً کم رہتی ہے تاہم شام اوررات کے وقت طلب بڑھ جانے سے سسٹم پر دباؤ بڑھ جاتا ہے اور کئی کئی گھنٹے بجلی بند رہنے سے معمولات زندگی بری طرح متاثر ہوچکے ہیں۔ سسٹم اوور لوڈ ہونے کے باعث ٹرپنگ اور دیگر فنی خرابیوں کی شکایات میں بھی نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ۔ مبارک پورہ، میانہ پورہ، حاجی پورہ، کینٹ وارڈ نمبر 3 ،وارڈ نمبر 2، وارڈ نمبر 4، گرین وڈ سٹریٹ، محمد پورہ، پریم نگر، پورن نگر، لہائی بازار، تحصیل بازار، تاج پورہ، روڑس روڈ، گلشن ٹاؤن، ماڈل ٹاؤن، نور پورہ، دارہ آرائیاں، مجاہد روڈ، ایبٹ روڈ، نہال چند سٹریٹ، پیرس روڈ، واٹر ورکس، کمشنر روڈ، اسلامیہ کالج روڈ، راجہ روڈ، مرے کالج روڈ، بیری والا چوک، شہاب پورہ، خادم علی روڈ، سمال انڈسٹریز اسٹیٹ، مظفر پور، اقبال ٹاؤن، سردار پورہ، فتح گڑھ، حاجی پورہ بن ودیگر علاقوں میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کی وجہ سے بچے ، خواتین، بزرگ بری طرح متاثر ہورہے ہیں ۔شہریوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے ۔