وزیرآباد ،علی پور چٹھہ :طویل لوڈ شیڈنگ سے زندگی اجیرن

وزیرآباد ،علی پور چٹھہ :طویل لوڈ شیڈنگ سے زندگی اجیرن

ٹرانسفارمر جلنے ،تکنیکی خرابیوں کے با عث متعدد علاقوں میں کئی دنوں سے بجلی بند

وزیرآباد ،علی پور چٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر ، تحصیل رپورٹر)شہر وزیرآباد اور تحصیل علی پور چٹھہ میں بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ بندش نے شہریوں کی زندگی اجیرن بنا دی۔ سٹی وزیرآباد سمیت گرد و نواح کے متعدد علاقوں میں کئی دنوں سے بجلی بند ہے جس کے بحال نہ ہونے کی شکایات سامنے آ رہی ہیں جبکہ متاثرہ شہریوں کا کہنا ہے کہ بارہا شکایات درج کرانے کے باوجود متعلقہ عملہ، ایس ڈی او اور لائن سپرنٹنڈنٹ مسائل کے بروقت حل میں ناکام دکھائی دیتے ہیں ،شدید گرمی میں طویل لوڈشیڈنگ، خراب ٹرانسفارمرز اور بجلی کی مسلسل بندش نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر د ئیے ۔ ذرائع کے مطابق اوورہیڈ برج کے قریب واقع 60سے 70 دکانیں 6روز سے بجلی سے محروم ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ مذکورہ ٹرانسفارمر بلدیہ کے زیرِ انتظام پرائیویٹ کنکشن سے منسلک ہے جس کی خرابی کے باعث تاجروں کو مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے ۔

دوسری جانب حاجی پورہ، جناح کالونی، الہ آباد اور دیگر محلوں میں بھی ٹرانسفارمر جل جانے اور کئی کئی دن بجلی بند رہنے کی شکایات مسلسل موصول ہو رہی ہیں۔ علاوہ ازیں علی پورچٹھہ میں پرمٹ کے نام پر گھنٹوں لوڈشیڈنگ سے جان لیوا گرمی میں شہری بلبلا اٹھے جبکہ سرکلر روڈ مین بازار کے مصروف تجارتی مرکز حیدری چوک میں نصب ٹرانسفارمر سے آگ بھڑک اٹھنے کے واقعہ نے تاجروں اور شہریوں میں شدید خوف و ہراس پھیلا دیا۔ خوش قسمتی سے بروقت آگ پر قابو پا لیا گیا، تاہم تاجروں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت کارروائی نہ ہوتی تو بڑا سانحہ رونما ہو سکتا تھا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں