سمبڑیال ، بارشی پانی جمع کرنیوالا ڈیم ڈوب گیا :اسلم گھمن
تعمیر پر لڈیاں ڈالنے والے بھی گھر سے نہ نکل سکے ،بارش سے متاثرہ علاقوں کا دورہ
سمبڑیال(سٹی رپورٹر )پی ٹی آئی ایم این اے بریگیڈئیر(ر)اسلم گھمن نے بارش کے پانی میں ڈوبے علاقوں کا دورہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ سمبڑیال شہر سمیت پورے حلقہ میں بجلی گیس کی لوڈشیڈنگ سڑکوں چوراہوں بازاروں میں کھڑے بارشی پانی نے لوگوں کا جینا مشکل بنا رکھا ہے ،سمبڑیال میں بارشی پانی جمع کرنے والا ٹینک(ڈیم)خود ڈوب گیا اسکی تعمیر پر لڈیاں ڈالنے والے بھی گھروں سے نہ نکل سکے ، حکومت مسائل حل کر رہی ہے نہ ترقیاتی کام ہی نظر آ رہے ہیں، پلوں پر رنگ برنگی بتیاں لگا کر دھمالیں ڈالی جا رہی ہیں نعرے لگائے جا رہے ہیں تعریفوں کے پل باندھے جا رہے ہیں سمبڑیال جیٹھیکے ڈھلم بلگن ساہو والا بدو کے بلوچک کلو وال دیگر علاقے بارشی پانی میں تیرتے نظر آرہے ہیں لوگوں کی زندگیاں اجیرن بنا کر کہہ رہے ہیں ہم ترقی لائے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہم اپوزیشن میں مسائل حل نہیں کر سکتے اور نہ ہی ترقیاتی کام کروا سکتے ہیں مگر حکومتی لوگوں کی ذمہ داری ہے کہ وہ آگے آئیں اور لوگوں کی زندگیوں میں آسانیاں لائیں ہمارا کام آواز اٹھانا ہے وہ ہم اٹھا رہے ہیں جو سمبڑیال کے ہی نہیں وہ سمبڑیال کی ترقی میں دلچسپی کیوں لیں گے وہ صرف بریانی کھلاتے ہیں اور چلے جاتے ہیں پھر 5سال بعد ان کی عوامی محبت جاگ جاتی ہے اتنا درد ہے انکے دلوں میں علاقے اور عوام کا تو سمبڑیال یونیورسٹی کے رکے فنڈز کی بحالی کیلئے آواز اٹھائیں ، اب آزاد کشمیر کے الیکشن ہیں پھر نئے وعدے ہو رہے ہیں نئے نعرے لگ رہے ہیں ووٹ لیں گے غائب ہو جائیں گے پھر 5سال بعد ان کو عوامی محبت کا بخار چڑھے گا۔