چناب میں سیلاب کا الرٹ ،وزیر آباد میں ہنگامی اقدامات
مسلسل بارشوں سے ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ
وزیرآباد،جامکے چٹھہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر،نامہ نگار )مون سون کی بارشوں اور کشمیر، بھارت و پاکستان کے بالائی علاقوں میں ہونے والی مسلسل بارشوں کے باعث ندی نالوں اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ میں نمایاں اضافہ ہوگیا ۔ محکمہ انہار نے دریائے چناب میں انتہائی اونچے درجہ کے بڑے سیلابی ریلے کے گزرنے کا الرٹ جاری کر دیا جس کے بعد ضلعی انتظامیہ وزیرآباد نے ہنگامی اقدامات شروع کر د ئیے ہیں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مساجد میں اعلانات کروا کر شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں جبکہ دریائے چناب سے ملحق علاقوں، خصوصاً بیلہ کے دیہی علاقوں کے مکینوں، مویشی پال حضرات اور زمینداروں کو پیشگی حفاظتی اقدامات کرنے کی تلقین کی گئی ہے تاکہ کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹا جا سکے ۔محکمہ انہار کے مطابق اس وقت دریائے چناب میں ہیڈ مرالہ، خانکی اور قادر آباد بیراج کے مقامات پر درمیانے درجے کا سیلاب ہے ۔ اعداد و شمار کے مطابق ہیڈ مرالہ پر پانی کی آمد 2لاکھ 54 ہزار کیوسک جبکہ اخراج 187388 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔ خانکی بیراج پر پانی کی آمد 156,093 کیوسک اور اخراج 150,243 کیوسک ہے جبکہ قادر آباد بیراج پر پانی کی آمد 162,039 کیوسک اور اخراج 143,539 کیوسک ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments