علی پورچٹھہ :بارش سے ترقیاتی منصوبوں کی حقیقت بے نقاب

علی پورچٹھہ :بارش سے ترقیاتی منصوبوں کی حقیقت بے نقاب

نکاسی آب کا نظام ناکام،دکانوں کے سامنے دلدل، شہری اور گاہک گر کر زخمی

علی پورچٹھہ (تحصیل رپورٹر )بارش نے ترقیاتی منصوبوں کی حقیقت بے نقاب کر دی، دکانوں کے سامنے دلدل، شہری اور گاہک گر کر زخمی، نکاسی آب کا نظام ناکام ہو گیا، علی پورچٹھہ میں گزشتہ سال بیوٹیفکیشن کے نام پر کئے گئے ترقیاتی کام مون سون کی حالیہ بارش کے بعد شہریوں کیلئے وبال جان بن گئے ، سوئیانوالہ اڈا سے قادرآباد روڈ پر دکانوں کے سامنے تعمیر برساتی نالے اور توڑے گئے پختہ تھڑوں نے شہریوں اور تاجروں کو شدید مشکلات سے دوچار کر دیا۔

شہریوں اور دکانداروں نے بتایا کہ گزشتہ برس بیوٹیفکیشن منصوبے کے تحت سوئیانوالہ اڈا سے قادرآباد کی جانب دکانوں کے سامنے موجود پختہ تھڑے مسمار کر د ئیے گئے اور ان کی جگہ چھوٹا برساتی نالہ تعمیر کیا گیا جسے کنکریٹ سلیبوں سے ڈھانپ دیا گیا تاہم بارش کے پانی کے نالے میں داخل ہونے کیلئے سوراخ یا راستہ نہیں چھوڑا گیا جس کے باعث بارش کا سارا پانی دکانوں کے سامنے جمع ہو جاتا ہے جس سے نہ صرف کاروباری سرگرمیاں متاثر ہوتی ہیں بلکہ کئی دکاندار، گاہک اور راہگیر پھسل کر زخمی بھی ہو چکے ہیں۔

دکانداروں نے بتایا کہ میونسپل کمیٹی کی جانب سے اب دکانوں کے فرش ایک ہی سطح پر لانے کے نام پر اونچی دکانوں کے فرش توڑ کر نیچے کئے جا رہے ہیں جس سے انہیں لاکھوں روپے کے نقصان کا خدشہ لاحق ہے ،اگر مستقبل میں سڑک کا لیول مزید بلند کیا گیا تو دکانیں مزید نیچی ہو جائیں گی اور بارش کا پانی دکانوں کے اندر داخل ہو کر قیمتی سامان کو نقصان پہنچائے گا۔ شہریوں نے کہا کہ میونسپل کمیٹی کے چیف آفیسر تقریباً 2 سال سے تعینات ہیں مگر شہری مسائل میں کمی آنے کے بجائے اضافہ ہوا ہے ،اعلیٰ حکام صورتحال کا فوری نوٹس لیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...