ماس ٹرانزٹ منصوبہ ،10ستمبر سے ٹنل کی تعمیر کا آغاز
حفاظتی انتظامات، ٹریفک سائن بورڈز، متبادل راستوں کی نشاندہی کی جائیگی
گوجرانوالہ (سٹی رپورٹر)ماس ٹرانزٹ منصوبے کے تحت گوجرانوالہ میں 2.4 کلومیٹر طویل ٹنل کی تعمیر کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا، صدارت سابق چیف سیکرٹری پنجاب و پراجیکٹ ڈائریکٹر بی آر ٹی کیپٹن (ر)زاہد سعید اور ڈپٹی کمشنر نوید احمد نے کی۔ اجلاس میں ٹنل کی تعمیر کے دوران شہریوں کو آمدورفت میں ممکنہ مشکلات سے بچانے ، ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے ، کاروباری سرگرمیوں کے تسلسل، محکمانہ سروسز کی بروقت منتقلی اور تعمیراتی کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کے حوالے سے اہم فیصلے کئے گئے ۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ٹنل کی تعمیر کا باقاعدہ آغاز 10ستمبر سے کیا جائے گا اور تعمیراتی سرگرمیاں مرحلہ وار، جامع منصوبہ بندی اور متعلقہ محکموں کے باہمی رابطے کے ساتھ آگے بڑھائی جائیں گی تاکہ شہری متاثر نہ ہوں۔ تعمیراتی کام شروع ہونے سے قبل سائٹ پر حفاظتی انتظامات، ٹریفک سائن بورڈز، متبادل راستوں کی نشاندہی اور ٹریفک مینجمنٹ کیلئے ضروری اقدامات مکمل کئے جائیں گے ۔شرکا کو بتایا گیا کہ منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے ٹنل پر 24گھنٹے کام کیا جائے گا، جبکہ روزانہ اوسطاً 20سے 25پلرز کی تعمیر کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ،درکار بھاری مشینری اور تعمیراتی میٹریل کی سائٹ پر منتقلی کا عمل بھی شروع کر دیا گیا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments