لدھیوالہ وڑائچ:سیل کلینک از خود ڈی سیل ،طبی سرگرمیاں
سلمیٰ کلینک ڈی سیل کرنیوالوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی: ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر
لدھیوالہ وڑائچ (نامہ نگار )محکمہ صحت گوجرانوالہ کی جانب سے گلی جالندھر سویٹ والی میں واقع سلمیٰ کلینک کو سیل کئے جانے کے باوجود کلینک کو مبینہ طور پر ازخود ڈی سیل کرکے دوبارہ طبی سرگرمیاں شروع کئے جانے کا انکشاف ہوا ہے ۔ذرائع کے مطابق ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر گوجرانوالہ ڈاکٹر عادل ایوب کی جانب سے ایس ایچ او تھانہ لدھیوالہ وڑائچ کو درخواست بھی دی گئی تھی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ سلمیٰ کلینک کو محکمہ صحت کی جانب سے سیل کیا جا چکا ہے اور ہیلتھ کیئر کمیشن میں کیس کی سماعت مکمل ہونے تک پولیس کلینک کی نگرانی کرے تاکہ اسے ڈی سیل نہ کیا جا سکے۔
تاہم صورتحال اس وقت سنگین صورت اختیار کر گئی جب مبینہ طور پر کلینک کی سیل خود ہی توڑ کر دوبارہ کھول لیا گیا اور طبی سرگرمیاں شروع کر دی گئیں۔علاقہ مکینوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ معاملے کی فوری تحقیقات کر کے ذمہ داروں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے اور ہیلتھ کیئر کمیشن میں کیس کا فیصلہ ہونے تک کلینک کو دوبارہ سیل رکھنے کے احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے ۔ ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر عادل ایوب نے روزنامہ دنیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور اسسٹنٹ کمشنر صدر فیصل مجید کلینک کا وزٹ کریں گے اور سلمیٰ کلینک ڈی سیل کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی جائیگی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments