ٹیچرز یونین کا نجی شعبہ کو دئیے سکولوں کے معائنے کا مطالبہ
سرکاری سکولوں کی نجکاری سے متعلق نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے :چودھری رفیق
حافظ آباد (نامہ نگار ، نمائندہ دُنیا ) مرکزی سینئر نائب صدر پنجاب ٹیچرز یونین پنجاب چودھری محمد رفیق نے وزیراعلیٰ مریم نواز سے مطالبہ کیا ہے کہ سرکاری سکولوں کی نجکاری سے متعلق 2دسمبر 2024 کا نوٹیفکیشن منسوخ کیا جائے اور نجی شعبے کے حوالے کیے گئے سکولوں کا خفیہ معائنہ کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ قیامِ پاکستان سے قبل قائم سرکاری اداروں سے ملک کی نامور شخصیات تعلیم حاصل کر چکی ہیں اور آج بھی سرکاری سکولوں کے طلبہ بورڈ امتحانات میں نمایاں پوزیشنیں حاصل کر رہے ہیں۔
انہوں نے مطالبہ کیا کہ سرکاری سکولوں میں اساتذہ کی خالی آسامیوں پر بھرتی، کنٹریکٹ اساتذہ کی مستقلی اور صفائی و سکیورٹی کیلئے درجہ چہارم کے ملازمین اور ریٹائرڈ فوجی اہلکار تعینات کئے جائیں۔ چودھری محمد رفیق نے مزید کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کے پیش نظر اساتذہ کے ہاؤس رینٹ، میڈیکل اور کنوینس الاؤنسز میں بھی خاطر خواہ اضافہ کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments