گوجرانوالہ:4پولیس مقابلے ،خطرناک ڈاکو اور ملزم ہلاک
35 مقدمات کاریکارڈ یافتہ ڈاکو حماد مادو واہنڈو کے علاقے میں مار ا گیا مبین بشارت سیالکوٹ میں نشانہ بنا،دوملزم زخمی حالت میں پکڑے گئے
گوجرانوالہ،کامونکے ،سیالکوٹ (کرائم رپورٹر،نامہ نگار،نمائندہ دنیا)گوجرانوالہ کے علاقوں میں 4مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران ریکارڈ یافتہ خطرناک ڈاکو اور دورانِ ڈکیتی محنت کش کو قتل کرنیوالا مبینہ ملزم ہلاک ہوگئے جبکہ دو ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔پولیس کے مطابق تھانہ واہنڈو کے علاقے میں پولیس ناکہ پر مشکوک افراد کو رکنے کا اشارہ کیا گیا تو ملزموں نے پولیس پر فائرنگ کر دی۔ جوابی کارروائی میں ملزم ہلاک ہوگیا جبکہ اسکے دو ساتھی فرار ہوگئے ۔پولیس کے مطابق ہلاک ڈاکو کی شناخت نواں پنڈ گوجرانوالہ کے حماد عرف مادو کے نام سے ہوئی، جو اقدام قتل، راہزنی، چوری، موٹر سائیکل چوری اور پولیس مقابلوں سمیت 35 سے زائد سنگین مقدمات میں ریکارڈ یافتہ تھا۔ تھانہ سٹی کامونکی پولیس نے چوری اور موٹر سائیکل چوری کے 20 مقدمات میں ریکارڈ یافتہ اور مطلوب ملزم اعجاز عرف مادی کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔تھانہ اروپ کے علاقہ میں شہری کو فائرنگ کرکے شدید زخمی کرنے کے مقدمے میں مطلوب ملزم غلام قمر عرف عابد کی گرفتاری کیلئے کارروائی کی گئی تو ملزم نے پولیس کو دیکھ کر فرار کی کوشش کی تاہم اسے زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ جنوری 2025 میں تھانہ کینٹ سیالکوٹ کی حدود میں لوڈر ڈالے پر سوار محنت کش کو دورانِ ڈکیتی فائرنگ کرکے قتل کرنے والا مبینہ ملزم مبین بشارت سی سی ڈی کے ساتھ پولیس مقابلے میں ہلاک ہو گیا۔پولیس کے مطابق ملزم سنگین وارداتوں میں ملوث تھا۔ پولیس ریکارڈ کے مطابق ملزم قتل کے تین مقدمات کے علاوہ چوری، ڈکیتی اور دیگر جرائم کے 60 سے زائد مقدمات میں ملوث رہا۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق مبین بشارت بعض افراد کے کہنے اور ایما پر قبضہ گیری اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں میں بھی ملوث رہا۔ ان افراد کے کردار کا تعین کرنے کیلئے تحقیقات اور رپورٹس مرتب کی جا رہی ہیں۔سی سی ڈی نے واقعہ میں ملوث دیگر ملزمون اور مبینہ سرپرستوں کی تلاش شروع کر دی ان کیخلاف بھی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments