تتلے عالی میں ڈمپنگ پوائنٹ کا منصوبہ کھٹائی میں پڑ گیا
تتلے عالی (نامہ نگار) تتلے عالی میں ڈمپنگ پوائنٹ کے قیام کا منصوبہ بند ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ۔
گلی محلوں اور سیم نالے کے کنارے کوڑے کے ڈھیر اور ان سے اٹھنے والی بدبو ختم کرنے کے لیے مقامی غیر سرکاری تنظیموں نے جنوری 2021 میں ضلعی انتظامیہ سے ڈمپنگ پوائنٹ قائم کرنے اور اس کے لیے اراضی فراہم کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔اس مطالبے پر 30مارچ 2024 کو اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں نے ڈمپنگ پوائنٹ کیلئے آٹھ کنال اراضی کی منظوری اور نشاندہی کی اور مزید کارروائی کے لیے کمیٹی تشکیل دے دی۔ کمیٹی نے 10 جون 2024 کو کھلی نیلامی کے ذریعے فی فٹ گہرائی کے حساب سے تین لاکھ 50 ہزار روپے میں مٹی اٹھانے کا ٹھیکہ دیا اور دو لاکھ روپے پیشگی وصول کیے ۔ کوڑا کرکٹ ڈمپنگ پوائنٹ تک پہنچانے کے لیے دو لاکھ 70 ہزار روپے کی لاگت سے پلی بھی تعمیر کی گئی۔رپورٹ کے مطابق ٹھیکیدار نے کمیٹی کو اطلاع دیے بغیر ایک سال بعد مٹی کی کھدائی شروع کر دی۔ کمیٹی کو علم ہوا تو ٹھیکیدار تقریباً دس لاکھ روپے مالیت کی مٹی نکال کر فروخت کر چکا تھا۔ رقم کا مطالبہ کرنے پر اس نے پہلے ٹال مٹول سے کام لیا اور بعدازاں رقم دینے سے انکار کر دیا۔ ضلعی اور تحصیل انتظامیہ کی کوششیں کامیاب نہ ہونے پر اسسٹنٹ کمشنر نوشہرہ ورکاں کی ہدایت پر تھانہ تتلے عالی میں ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا گیا۔ مقدمے کے بعد ڈمپنگ پوائنٹ کے قیام کا منصوبہ تعطل کا شکار ہونے کا خدشہ ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments