جلالپور جٹاں روڈ پر سیوریج اور سڑک کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت

جلالپور جٹاں روڈ پر سیوریج اور سڑک کی تعمیر شروع کرنے کی ہدایت

عوامی مشکلات کا فوری حل ترجیح ،کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی :چودھری شافع

گجرات (سٹی رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ پنجاب کے جنرل سیکرٹری اور صوبائی وزیر چودھری شافع حسین نے کچہری چوک سے بولے جلالپور جٹاں روڈ تک سیوریج لائن بچھانے کے کام میں سست روی کا سخت نوٹس لیتے ہوئے واسا اور نیسپاک حکام کو پائپ لائن بچھانے اور سڑک کی تعمیر جلد شروع کرنے کی ہدایات جاری کر دیں۔ نیسپاک حکام نے صوبائی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ جلالپور جٹاں روڈ کی تعمیر کا نقشہ تیار کر لیا گیا ہے اور یکم نومبر سے تعمیراتی کام شروع ہونے کا امکان ہے ، جسے چھ ماہ میں مکمل کر لیا جائے گا۔ چودھری شافع نے کہا کہ عوامی مشکلات کا فوری حل حکومت کی ترجیح ہے ۔ گجرات کے سیوریج منصوبے کے لیے 21 ارب روپے کے فنڈز منظور کرائے گئے ہیں اور منصوبے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ کچہری چوک سے بولے جلالپور جٹاں روڈ تک سیوریج لائن بچھانے کے ساتھ سڑک کی تعمیر بھی جلد مکمل کی جائے گی تاکہ شہریوں کی مشکلات ختم ہو سکیں۔صوبائی وزیر نے کہا کہ جلالپور جٹاں روڈ پر گرین الیکٹرک بسیں بھی جلد چلائی جائیں گی،

جبکہ گجرات کے لیے مزید 14 گرین الیکٹرک بسیں منظور کرائی گئی ہیں، جس سے سفری سہولتوں میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ وہ گجرات کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں اور ظہور الٰہی سٹیڈیم کے ڈسپوزل اسٹیشن کی تعمیر بھی آخری مراحل میں ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں معیار، شفافیت اور بدعنوانی سے پاک کام کو یقینی بنایا جائے گا اور خدمت کی روایات کے تحت گجرات کو مسائل سے نجات دلانے کی کوشش کی جائے گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...