پولیو کیسز میں کمی، نومبر میں صرف 4نمونے مثبت رپورٹ
جنوری میں 14ماحولیاتی نمونے مثبت آئے، اکتوبر میں تعداد 12تھی، عدیل تصور
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) انسداد پولیو پروگرام کے سربراہ عدیل تصور نے صوبے میں پولیو کی صورتحال سے متعلق حوصلہ افزا پیش رفت سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا ہے کہ نومبر میں پنجاب سے صرف چار ماحولیاتی نمونے مثبت رپورٹ ہوئے، دو لاہور سے اور دو راولپنڈی سے۔ یہ بات 36اضلاع کے نمائندگان کے جائزہ اجلاس کے دوران بتائی گئی، جو 15دسمبر سے شروع ہونے والی قومی پولیو مہم کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقد کیا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ جنوری میں ہمارے 14ماحولیاتی نمونے مثبت آئے تھے۔ اکتوبر میں یہ تعداد 12تھی، انہوں نے کہایہ سال کی آخری مہم ہے، اپنی بہترین کوشش کریں اور کوئی کمی اگلے سال مت لے کر جائیں۔ مہم میں دو لاکھ سے زائد پولیو ورکرز اور سپروائزرز حصہ لیں گے، جو پانچ سال سے کم عمر کے 1.7کروڑ سے زیادہ بچوں کو ویکسین پلانے کیلئے کام کریں گے۔ ان میں 16,605ایریا انچارجز، 3,991 یونین کونسل میڈیکل آفیسرز، 84,884موبائل ٹیم ممبرز، 4,884فکسڈ ٹیم ورکرز اور 2,664ٹرانزٹ ٹیم ممبرز شامل ہیں۔