پاک برطانیہ گیٹ وے کے 10ملین کے اگلے مرحلے کا آغاز
تعلقات مستحکم ،اعلیٰ تعلیمی شعبوں کو ترقی دینے کے مواقع پیدا ہونگے،برطانوی ہائی کمشنر
اسلام آباد (دنیا رپورٹ) ہائر ایجوکیشن کمیشن اور برٹش کونسل نے پاکستان، برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے شراکت داری کے 10ملین کے دوسرے مرحلے کا آغاز کیا ہے۔ یہ گیٹ وے برطانیہ کے عالمی معیار کے اداروں کو اپنے پاکستانی ہم منصبوں کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے لے کر ترقی تک مشترکہ چیلنجز پر کام کرنے میں مدد دے گا۔ گیٹ وے فیز 2سے پیدا ہونے والے مواقع میں سکالرشپس، تحقیقی گرانٹس اور دونوں ممالک کی یونیورسٹیوں کے درمیان مشترکہ چیلنجز بشمول موسمیاتی تبدیلی پر کام کرنے کیلئے فنڈنگ میں اضافہ، تحقیقی گرانٹس اور تبادلے شامل ہوں گے۔ برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ نے کہا کہ تعلیم ترقی اور خوشحالی کی بنیاد ہے۔ اگلا مرحلہ ہمارے پہلے سے مضبوط تعلقات کو مضبوط کرتا ہے اور ہمارے دونوں اعلیٰ تعلیمی شعبوں کو ترقی دینے کے مواقع کھولے گا، وفاقی وزیر تعلیم خالد مقبول صدیقی نے کہا پاکستان، برطانیہ ایجوکیشن گیٹ وے جو 2018میں شروع ہوا نے ٹھوس نتائج دیئے ہیں۔ انہوں نے ایچ ای سی اور برٹش کونسل کی اس دو طرفہ شراکت داری کو فروغ دینے کی کوششوں کو سراہا۔ حکومت ملک میں اعلیٰ تعلیم کو فروغ دینے کیلئے پرعزم ہے، جن میں تعاون اور شراکت داری کی ترقی اور ملک کے نوجوانوں کو تعلیم و مہارتوں سے لیس کرنا شامل ہے۔