پاکستان کا موسم زیتون کی کاشت کیلئے نہایت موزوں ،رانا تنو یر
جلد پاکستان انٹرنیشنل اولیو کونسل کا ممبر بن جائیگا ، تقریب سے خطاب
اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ زیتون کی مقامی پیداوار بڑھا کر پاکستان نہ صرف اپنی ضروریات پوری کرسکتا ہے بلکہ آئندہ برسوں میں ایکسپورٹ کے ذریعے قیمتی زرمبادلہ بھی کما سکتا ہے ۔جمعہ کو ان خیالات کا اظہارانہوں نے ساتویں نیشنل زیتون فیسٹیول ، اولیو گالا کے افتتاح کے موقع پر کیا۔وفاقی وزیر نے کہا زیتون کی کاشت ایک تجربہ نہیں رہی بلکہ اب مکمل طور پر ایک ابھرتی ہوئی صنعت کا درجہ حاصل کر چکی ہے ، پاکستان کا موسم اعلیٰ معیار کے زیتون کی کاشت کے لیے نہایت موزوں ہے ۔ انہوں نے زیتون کے فروغ کے لیے اٹلی کی حکومت کی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ اٹلی نہ صرف تکنیکی مدد فراہم کر رہا ہے بلکہ 20 ملین یورو کا منصوبہ بھی پاکستان کے لیے منظور کر چکا ہے ۔ پاکستان آئندہ دو سے تین ماہ میں انٹرنیشنل اولیو کونسل کا ممبر بن جائے گا جس سے پاکستان کے زیتون شعبے کی عالمی سطح پر پذیرائی بڑھے گی۔