اسلام آباد بلدیاتی الیکشن ، غیر یقینی صورتحال ، سیاسی گہما گہمی نہیں
کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ،امیدوار،سپورٹرز بھی غیر متحرک
بھارہ کہو (شاکرملک ) وفاقی دارالحکومت میں بلدیاتی انتخابات کیلئے آج کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے کی آخری تاریخ ہے ، غیر یقینی صورتحال کے باعث شہر بھر میں کوئی سیاسی گہما گہمی دیکھنے میں نہیں آ سکی۔ بار بار بلدیاتی انتخابات کے التوا نے نہ صرف عوام بلکہ ممکنہ امیدواروں کو بھی شدید مایوسی سے دوچار کر دیا ہے ۔ متعدد امیدواروں نے کاغذاتِ نامزدگی جمع کرانے سے قبل ہی سیاسی منظرنامے سے غائب ہو گئے۔؎
جس سے انتخابی ماحول مزید سرد پڑ گیا ہے ۔ اسلام آباد کے مختلف حلقوں میں کسی بھی بڑی یا چھوٹی سیاسی جماعت کی جانب سے تاحال کوئی واضح پینل سامنے نہیں آ سکا، جبکہ پارٹی قیادتوں کی خاموشی نے بھی شکوک و شبہات کو جنم دیا ہے ۔ عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کی عدم دلچسپی اور غیر سنجیدہ رویے نے بلدیاتی نظام کی اہمیت کو مزید کمزور کر دیا ہے ۔