آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل یقینی بنایا جائے گا،ڈپٹی کمشنر راولپنڈی
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)ڈپٹی کمشنر حسن وقار چیمہ کی صدارت میں ضلع بھر میں آوارہ کتوں کے خلاف جاری مہم کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔ ضلع بھر میں آوارہ کتوں کی بیخ کنی کے لیے جاری اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
جن علاقوں میں آوارہ کتوں کے کاٹنے کے واقعات رپورٹ ہوئے ہیں وہاں کے متعلقہ افسران سے فوری وضاحت طلب کی گئی۔ڈپٹی کمشنر نے ہدایت کی کہ عوامی جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور اس ضمن میں کسی قسم کی غفلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ متعلقہ محکمے روزانہ کی بنیاد پر دن میں دو مرتبہ مشاورتی اجلاس منعقد کریں گے۔ اور آپریشن کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عملی اقدامات اٹھائے جائیں گے ۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مربوط حکمتِ عملی کے تحت اس مہم کو سو فیصد کامیاب بنا کر ضلع بھر سے آوارہ کتوں کے مسئلے کا مستقل حل یقینی بنایا جائے گا۔