وزیر داخلہ کا شاہین چوک انڈر پاس کا دورہ ،کل کھولنے کا اعلان
فنشنگ، کارپٹنگ ،ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کا معائنہ ،مزید پودے لگانے کی ہدایت
اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے شاہین چوک انڈر پاس کا علی الصبح دورہ کیا اور ریکارڈ مدت میں کام کی تکمیل کا جائزہ لیتے ہوئے اسے 31دسمبر تک ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھولنے کا اعلان کر دیا ہے ۔ وفاقی وزیر نے انڈر پاس کی فنشنگ، کارپٹنگ اور تعمیراتی معیار کا معائنہ کیا۔ ہارٹیکلچر اور لینڈ سکیپنگ کے کام کا بھی مشاہدہ کیا اور متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ خوبصورتی میں اضافے کے لیے یہاں مزید پودے لگائے جائیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ شاہین چوک انڈر پاس کی تکمیل سے وفاقی دارالحکومت میں ٹریفک کا دیرینہ مسئلہ مستقل بنیادوں پر حل ہو جائے گا۔ شہریوں کو آمدورفت میں بے پناہ آسانی ہوگی اور ٹریفک جام سے مکمل نجات ملے گی۔چیئرمین سی ڈی اے نے وفاقی وزیر کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے پر کام آخری مراحل میں ہے اور فنشنگ ورک تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے ۔