راول ڈیم کینالز بھل صفائی ،آج سے پانی سپلائی 50فیصد کم
کمیٹی چوک ، راجہ بازار، پرانا قلعہ، موہن پورہ، ، آریہ محلہ اور دیگر علاقے متاثر ہونگے
راولپنڈی(نیوزرپورٹر)راول ڈیم کینالز کی بھل صفائی و مرمت کے پیش نظر راول ڈیم سے آج سے 11 جنوری تک پانی کی سپلائی %50 تک کم رہے گی۔ جس کیوجہ سے راولپنڈی شہر کے مختلف علاقے جن میں کمیٹی چوک ، راجہ بازار، پرانا قلعہ، موہن پورہ، باغ سرداراں ڈھوک منگٹال، آریہ محلہ اور دیگر علاقے متاثر ہوں گے ۔ تاہم ان علاقوں میں خان پور ڈیم اور ٹیوب ویلوں سے پانی کی سپلائی معمول کے مطابق جاری رہے گی۔ سمال ڈیم آرگنائزیشن اور واسا انتظامیہ کے مشترکہ اجلاس کے مطابق سمال ڈیم آرگنائزیشن کے راول ڈیم سے نکلنے والی مین کینال رائٹ بینک کینال اور لیفٹ بینک کینال کی مرمت و صفائی کے کام کے پلان کی منظوری دی گئی ہے ۔واسا راولپنڈی اس ممکنہ صورتحال سے نمٹنے کے لیے متبادل انتظامات کر رہا ہے ، جس کے تحت شہریوں کو خان پور ڈیم ، ٹیوب ویلوں اور واٹر باؤزرز کے ذریعے اضافی پانی کی فراہمی کی ہر ممکن کوشش کی جائے گی۔ اور شہر بھر میں واسا کے منی فلٹریشن پلانٹس سے صاف پینے کے پانی کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا۔ منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے واٹر سپلائی افسران و عملے کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ راول ڈیم سے پانی کی بندش کے پیش نظر متبادل ذرائع خان پور ڈیم اور ٹیوب ویلز سے شہریوں کو بلا تعطل پانی کے سپلائی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔