1لاکھ نوجوانوں کو بیرون ملک روزگار میں مدد دی ، گل مینا
6لاکھ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں اعلیٰ فنی تربیت فراہم کی، چیئرپرسن نیوٹیک
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی چیئر پرسن گل مینا بلال نے کہا ہے کہ 6لاکھ سے زائد نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں اعلیٰ فنی تربیت دی جبکہ پرائیویٹ شعبے کے ساتھ مل کر تربیت کی سہولیات کو وسیع کیا جا رہا ہے۔ اعلیٰ فنی تربیت مکمل کرنے والے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو بیرون ملک معقول روزگار فراہم کرنے میں بھی مدد دی گئی۔ انہوں نے یہ بات گزشتہ روز تنظیم نائٹ ہیومن مینجمنٹ (کے ایچ ایم)، شالان اینڈ جی ایل کے دفتر میں 80نوجوانوں کے ایک گروپ کوسکلز سر ٹیفکیٹ، اوورسیز جاب اور ٹریولنگ کاغذات تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کہی۔ گل مینا بلال نے کے ایچ ایم کے چیف ایگزیکٹو خالد نواز سدھرائچ اور ادارے کے تمام افسران و سٹاف ممبران کو خراج تحسین پیش کیا۔
خالد نواز سدھرائچ نے بتایا کہ نئے سال کے آغاز میں عالمی جاب مارکیٹ میں غیر ہنرمند افرادی قوت کے ساتھ ساتھ اعلی ٰفنی مہارتوں سے لیس نوجوانوں کی ضرورت ہے جس کیلئے ہم نیوٹیک کے معیار کے مطابق نہ صرف نوجوانوں کو تربیتی سہولیات بہم پہنچا رہے ہیں بلکہ ان کوبیرون ملک اچھی ملازمتیں دلوانے میں بھی اپنا کردارادا کر رہے ہیں۔