600 نوجوان انجینئرز ہاؤس جاب طرزپر6ماہ کیلئے تعینات
پروگرام میں 5 ماہ کا فیلڈ تجربہ ،1 ماہ مہارتوں کی تربیت، 50ہزارماہانہ وظیفہپی ای سی نے 40قومی اداروں میں جی ای ٹی پلیسمنٹ پروگرام کا آغازکردیا
اسلام آباد (دنیا رپورٹ)پاکستان انجینئرنگ کونسل (پی ای سی) نے اپنے فلیگ شپ گریجویٹ انجینئر ٹرینی (جی ای ٹی) پلیسمنٹ پروگرام کا آغاز کر دیا ہے ، جس کے تحت ملک بھر کے 40 قومی اداروں میں 600 نوجوان انجینئرز کو تعینات کیا گیا ہے ۔ انجینئرز نے گزشتہ روز اپنے متعلقہ اداروں میں باقاعدہ طور پر کام شروع کر دیا۔ پی ای سی کے مکمل مالی تعاون سے چلنے والا یہ چھ ماہ کا پروگرام \"ہاؤس جاب\" طرز پر تیار کیا گیا ہے ، جس کا مقصد تعلیم اور عملی صنعتی تقاضوں کے درمیان فرق کو کم کرنا ہے ، پروگرام میں پانچ ماہ کا فیلڈ تجربہ اور ایک ماہ کی مہارتوں کی تربیت شامل ہے ، جبکہ ہر ٹرینی کو ماہانہ 50 ہزار روپے وظیفہ دیا جا رہا ہے ۔انجینئرز کو مختلف سرکاری اداروں اور تنظیموں میں تعینات کیا گیا ہے جن میں خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور بلوچستان کی حکومتوں کے پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ ڈیپارٹمنٹس، نیسپاک، حکومت پنجاب کے لوکل گورنمنٹ اور کمیونیکیشن اینڈ ورکس محکمے ، نیشنل گرڈ کمپنی (این جی سی)، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی، سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ (ایس این جی پی ایل)، مختلف پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیاں اور دیگر بڑے سرکاری ادارے شامل ہیں۔چیئرمین پی ای سی انجینئر وسیم نذیر نے تربیت میں شامل ہونے والے نوجوان انجینئرز کو مبارکباد دیتے ہوئے پروگرام کے آغاز کو انجینئرز اور مجموعی انجینئرنگ کمیونٹی کے لیے ایک اہم دن قرار دیا، انہوں نے کہا کہ منظم فیلڈ ٹریننگ کے ذریعے حاصل ہونے والا عملی تجربہ پیشہ ورانہ ترقی کے لیے نہایت ضروری ہے ۔
انجینئرزتعینات