رواں سال صوبہ بھر سے 36ہزار 843 اشتہاری ملزم گرفتار
لاہور (این این آئی)عید کے ایام میں امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پنجاب پولیس کا صوبہ بھر میں سنگین جرائم میں مطلوب اشتہاری و عادی مجرموں اور عدالتی مفروروں کیخلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔
ترجمان پنجاب پولیس نے بتایاکہا کہ رواں سال لاہور سمیت صوبہ بھر سے مجموعی طور پر 36ہزار 843اشتہاری اور12ہزار 544عدالتی مفروروں کو گرفتار کیا گیا ۔مزید برآں کارروائیوں کے دوران 4836عادی مجرموں کو بھی گرفتار کیا گیا۔ لاہور پولیس کی کارروائیوں کے دوران 7230اشتہاری ، 4312عدالتی مفرور اور 1826عادی مجرم گرفتار کیے گئے ۔آئی جی پنجاب عبدالکریم نے ہدایت کی ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں تاکہ شہریوں کے جان و مال کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے ۔