پاکستان اور تیونس کے مابین تعلقات کومزید مستحکم کرنا ہوگا ،مشاہد حسین
تیونس کے یومِ آزادی کی مناسبت سے تقریب ،دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے کا عزم
اسلام آباد ( خصوصی نیوز رپورٹر)تیونس کے یومِ آزادی کی مناسبت سے انسٹی ٹیوٹ آف سٹرٹیجک سٹڈیز کے زیر اہتمام تقریب ہوئی ، سینیٹر مشاہد حسین مہمان خصوصی تھے ، چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمود سمیت پاکستان کے سفیر برائے تیونس ،جاوید احمد عمرانی،ڈاکٹر آمنہ خان اور دیگر نے بھی تقریب سے خطاب کیا ، مشاہد حسین نے کہا کہ تیونس افریقی سیاست میں ایک نمایاں اور قائدانہ کردار ادا کر رہا ہے ، پاکستان اُن اولین ممالک میں شامل ہے جنہوں نے تیونس کی آزادی کی حمایت کی۔ پاکستان کی طرح تیونس بھی فلسطین کا ایک مضبوط حامی ملک ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات قائم ہیں اور مختلف شعبوں میں تجارت اور تعاون کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ اس تعلق کو مزید آگے بڑھایا جائے ،تیونس کی ناظم الامور دوراسف معاروفی نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تیونس اور پاکستان کے درمیان مضبوط تاریخی تعلقات موجود ہیں، خصوصاً اقوامِ متحدہ میں تیونس کے لیے پاکستان کی حمایت قابلِ ستائش ہے ۔