آزاد کشمیر انتخابات میں ہر ممکن تعاون کرینگے ،چیف الیکشن کمشنر پاکستان
چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کی پاکستانی ہم منصب سے ملاقات ،ووٹر لسٹوں کی تیاری پر تبادلہ خیال
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار) آزاد کشمیر کے چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ سے ملاقات کی۔ ممبر الیکشن کمیشن سید نظیر الحسن گیلانی ،سیکرٹری الیکشن کمیشن آزاد کشمیر راجہ شکیل اور الیکشن کمیشن کے اعلیٰ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ جسٹس (ر) غلام مصطفی مغل نے کہا کہ آزاد جموں و کشمیر میں آئندہ انتخابات کے سلسلے میں مہاجرین جموں و کشمیر مقیم پاکستان کے حلقوں میں ووٹر لسٹوں کی تیاری، پولنگ سٹیشنوں کے قیام اور پولنگ عملے کی تعیناتی کے لیے الیکشن کمیشن کا تعاون درکار ہے تاکہ مہاجرین کے حلقوں میں قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آزادانہ، منصفانہ اور شفاف انداز میں منعقد کروائے جا سکیں۔
غلام مصطفی مغل نے کہا کہ اس حوالے سے پونچھ ہاؤس میں قائم الیکشن کمیشن کے دفتر اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے درمیان قریبی رابطہ رکھا جائے گا تاکہ انتظامی امور کو بروقت اور مؤثر انداز میں مکمل کیا جا سکے اور مہاجرین کے حلقوں میں انتخابی عمل کو ہر ممکن سہولت کے ساتھ پایۂ تکمیل تک پہنچایا جا سکے ۔ چیف الیکشن کمشنر پاکستان سکندر سلطان راجہ نے یقین دہانی کرائی کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان مہاجرین کے حلقوں میں انتخابات کے انعقاد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرے گا۔ تاکہ انتخابی عمل شفاف اور منظم طریقے سے مکمل ہو سکے ۔