حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں،تحفظ دیگی ،فیصل راٹھور
آئی ٹی، سیاحت، توانائی، منرلز، زراعت اور ہائوسنگ میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود
اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار)وزیر اعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور نے کہا ہے کہ خطہ کشمیر کا قدرتی حسن اور پرامن فضاء سیاحوں کو سرمایہ کاری کی دعوت دے رہے ہیں، حکومت سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولتیں اور تحفظ فراہم کریگی۔آزاد خطہ میں آئی ٹی، سیاحت، توانائی، منرلز، زراعت اور ہاوسنگ کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز سیکرٹری جنرل یونائیٹڈ بزنس گروپ ظفر بختاوری اور عابد بختاوری سے ملاقات کے دوران کیا۔ ملاقات کے دوران باہمی تعاون، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری روابط کو مزید مستحکم بنانے پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس بات پر زور دیا گیا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے ذریعے ایسے اقدامات کریں گے جن سے آزاد کشمیر میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ ملے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد مزید مستحکم ہو۔ وزیر اعظم نے کہا کہ آزاد کشمیر سرمایہ کاری کے لیے نہایت موزوں خطہ ہے ، جہاں کاروبار کے لیے سازگار ماحول موجود ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کاروباری برادری کو سہولیات فراہم کرنے اور سرمایہ کاری کے عمل کو آسان بنانے کے لیے مؤثر پالیسی اقدامات کر رہی ہے ۔