میٹرک امتحانات ،6امیدوار نقل کرتے رنگے ہاتھوں گرفتار
کنٹرولر کاایچ ای سی کے نمائندہ کیساتھ مختلف سینٹرز کا دورہ ،انتظامات کا جائزہ لیا
راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار) تعلیمی بورڈ راولپنڈی کے زیر اہتمام میٹرک فرسٹ سالانہ امتحانات زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت منعقد ہو رہے ہیں۔ شفافیت برقرار رکھنے کے لیے مؤثر اقدامات کیے گئے ہیں۔کمشنر و چیئرمین تعلیمی بورڈ راولپنڈی عامر خٹک کی قیادت میں بوٹی مافیا کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری ہیں۔کنٹرولر امتحانات تنویر اصغر نے محمد آصف ڈپٹی سیکرٹری بجٹ اینڈ فنانس ہائیر ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ پنجاب کے ہمراہ مختلف امتحانی مراکز کا دورہ کیا اور امتحانی ایس او پیز، سی سی ٹی وی کیمروں اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔انہوں نے بتایا گورنمنٹ گریجویٹ کالج سیٹلائٹ ٹاؤن، راولپنڈی (سینٹر اے ۔بی) سے چار اُمیدوار، گورنمنٹ ہائی سکول سنگھوئی جہلم سے ایک اُمیدوار اور گورنمنٹ ہائی سکول بن شہید جہلم سے ایک اُمیدار نقل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑے گئے ۔ان چھ اُمیدواروں کے خلاف فوری طور پر کیسز رجسٹر کر لیے گئے ۔