جہلم :معمولی رنجش پر فائرنگ، 2افراد قتل،ایک زخمی
لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا،ملزم فرار تھانہ منگلہ کی حدود ڈھوک شمالہ میں واقعہ:دو روز قبل جھگڑا ہوا:پولیس
جہلم (آئی این پی) جہلم کے علاقے تھانہ منگلہ کی حدود ڈھوک شمالہ میں معمولی رنجش پر فائرنگ کے نتیجے میں دو افراد قتل اور ایک شدید زخمی ہو گیا۔ پولیس کے مطابق رکشہ ڈرائیور گوہر بلال اپنے بھائی اور چچا کے ہمراہ کھیتوں میں موجود تھا کہ ملزم عامر نے فائرنگ کر دی۔ فائرنگ کے نتیجے میں گوہر بلال زخمی جبکہ اس کا بھائی عبداللہ اور چچا رخسار موقع پر جاں بحق ہو گئے ، لاشوں اور زخمی کو فوری طور پر قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم عامر اور گوہر بلال کے درمیان دو روز قبل جھگڑا ہوا تھا جس کی رنجش پر یہ افسوسناک واقعہ پیش آیا۔ واقعہ کے بعد ملزم فرار ہو گیا ہے ، پولیس نے گرفتاری کے لیے چھاپہ مار ٹیمیں تشکیل دے دیں۔