تیل قیمتوں میں کمی کا اعلان قابل تحسین،انجینئر امیر مقام
حکومت عوام کو مہنگائی سے نجات دلانے کیلئے سنجیدہ اقدامات کر رہی
اسلام آباد(خصوصی نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان و سیفران انجینئر امیر مقام نے کہا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان نہ صرف قابل تحسین ہے بلکہ اس سے معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ۔ انجینئر امیر مقام نے وزیر اعظم محمد شہباز شریف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے اعلان کو عوامی ریلیف کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے ،انہوں نے کہا کہ حکومت نے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست عوام تک منتقل کیا ہے ۔ وزیر اعظم کی قیادت میں وفاقی حکومت نے ایک بار پھر ثابت کیا ہے کہ وہ عوام کو مہنگائی کے بوجھ سے نجات دلانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے ۔