بنی گالا سے اغوا ہونیوالی لڑکی کراچی سے بازیاب، ملزم گرفتار
کیس میں چائلڈ میرج ایکٹ کی دفعہ 3، 4، 5اور 6بھی شامل، پولیس حکام
اسلام آباد (اے پی پی) پولیس تھانہ بنی گالا نے اغوا ہونے والی لڑکی کو بازیاب کر کے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس حکام کے مطابق این آئی ایچ کے علاقے سے لڑکی کو اغوا کرکے ملزم محمد حسین نے کراچی منتقل کر دیا تھا۔ پولیس ٹیم نے جدید تفتیشی تکنیکوں کا استعمال کیا اور کراچی میں کامیابی سے ملزم کا سراغ لگایا اور چھاپہ مار کر محمد حسین کو گرفتار اور مغوی لڑکی کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ اغوا کی گئی بچی نابالغ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس کیس میں چائلڈ میرج ایکٹ کی دفعہ 3، 4، 5اور 6کو بھی شامل کیا گیا ہے۔ ٹھوس شواہد اکٹھے کرنے اور جرم میں ملوث ممکنہ ساتھیوں کی نشاندہی کیلئے مزید تفتیش جاری ہے۔