تلہ گنگ، 3عورتوں کا اقدام خودکشی،ایک کی حالت تشویشناک
واقعات لاوہ، اکوال، تھوہا محرم خان میں ہوئے، خواتین نے زہریلی اشیا استعمال کیں
تلہ گنگ (نمائندہ دنیا) تلہ گنگ میں ایک ہی دن تین شادی شدہ عورتوں نے اپنی زندگیوں کا خاتمہ کرنے کی کوشش کی، ایک کو تشویشناک حالت میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا جبکہ دو کی حالت خطرے سے باہر بتائی جاتی ہے۔ شادی شدہ عورتوں نے زہریلی اشیا کھا کر اپنی زندگیوں کو ختم کر نے کی کوشش کی، تینوں واقعات 12اپریل کو پولیس کے پاس رپورٹ ہوئے۔ پہلا واقعہ تھانہ لاوہ کے گاؤں پچنند میں پیش آیا جہاں چار ماہ قبل بیاہی جانے والی لڑکی نے زہریلی گولیاں کھا کر خودکشی کی کوشش کی، اسے تشویش ناک حالت میں راولپنڈی منتقل کر دیا گیا۔
دوسرا واقعہ تھانہ صدر تلہ گنگ کے گاؤں اکوال میں پیش آیا جہاں پیڑہ جانگلہ کی بائیس سالہ خاتون نے تیزاب پی کر خودکشی کی کوشش کی، خاتون کے دو بچے بھی ہیں، اسے تشویش ناک حالت میں تلہ گنگ ہسپتال لایا گیا جہاں اب اس کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ تیسرا واقعہ بھی تھانہ صدر تلہ گنگ کے گاؤں تھوہا محرم خان میں پیش آیا جہاں تیس سالہ شادی شدہ خاتون نے زہریلا سپرے پی کر خودکشی کی کوشش کی۔