سفاری ٹرین کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے، وزیر ریلوے
ریلوے اپ گریڈیشن پروگرام دسمبر تک مکمل کر لیا جائیگا، تقریب سے خطاب
راولپنڈی (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ سفاری ٹرین کو اپ گریڈ کرتے ہوئے اے سی کوچز، نئی نشستیں اور فیملیز کیلئے بہتر ماحول متعارف کرا دیا ہے، مختلف سٹیشنز پر مختصر قیام اور سرگرمیوں کا اہتمام بھی کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے راولپنڈی سٹیشن پر سفاری ٹرین کے اپ گریڈڈ ریک کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ سفاری ٹرین میں مسافروں کیلئے ہر سٹیشن پر وقفہ اور اٹک خورد جیسے مقام پر طویل قیام اور لنچ کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے، اس میں سفر کے خواہش مندوں میں نمایاں اضافہ ہوا اور عوامی اعتماد میں بہتری دیکھی گئی۔ وفاقی وزیر نے کہا ریلوے کے مکینیکل، بریک اور لوکوموٹیو سسٹمز میں بہتری کیلئے جامع اصلاحات جاری ہیں۔ ریلوے اپ گریڈیشن پروگرام دسمبر 2026تک مکمل کر لیا جائیگا جبکہ لاہور تا کراچی سفر میں پانچ گھنٹے کی کمی کے منصوبے پر کام تیز کر دیا گیا ہے۔