حیدر آباد:شادی میں آئے 3بچے کرنٹ سے جاں بحق

حیدر آباد:شادی میں آئے 3بچے کرنٹ سے جاں بحق

پھلیلی کے آفندی ٹاؤن میں چھت پرسو رہے تھے ، ہائی وولٹیج تاروں سے کرنٹ لگاغیرقانونی تعمیرات سے تاردیواروں کے قریب ہوچکے ہیں،حیسکو،وزیر اعلیٰ کا نوٹس

حیدرآباد، شہداد پور (نمائندگان دنیا)حیدرآباد کے علاقے پھلیلی میں شادی کی تقریب میں آئے 3 بچے کرنٹ لگنے سے جاں بحق ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق رشتے دار کی شادی میں آئے بچے گھرکی چھت پر سو رہے تھے ،گھر کی چھت کے اوپر سے گزرنے والے ہائی وولٹیج تاروں سے بچوں کو کرنٹ لگا۔ پولیس نے بتایا کہ بچوں کی عمریں 10 ، 12 اور 14 سال تھیں جب کہ جاں بحق ہونے والے بچوں میں دو بھائی بھی شامل ہیں۔ دوسری جانب ترجمان حیسکو کے مطابق پھلیلی سب ڈویژن میں بچوں کی اموات کرنٹ لگنے سے ہوئی، حادثے کے مقام پر تار ٹوٹے ہوئے نہیں تھے ، ممکنہ طور پر بچے تاروں کے قریب موجود تھے یا چھونے سے کرنٹ لگا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ غیرقانونی تعمیرات سے بجلی کے تار چھت، دیواروں کے نہایت قریب ہوچکے ہیں، ٹنڈو طیب میں رہائشیوں کو پہلے بھی نوٹس جاری کر چکے ہیں۔ دوسری جانب وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی، ان کا کہنا تھا کہ ذمہ داران کیخلاف کارروائی کی جائے ۔ انہوں نے غمزدہ خاندان سے افسوس کا اظہار بھی کیا۔ لرزہ خیز واقعے کے بعد خوشیوں بھرا گھر آناً فاناً سوگ میں ڈوب گیا اور ہر آنکھ اشکبار ہو گئی۔ ضابطے کی کارروائی کے بعد تینوں بچوں کی لاشیں ایمبولینس کے ذریعے شہدادپور میں ان کی رہائش گاہ عظیم بھٹی چوک منتقل کی گئیں، لاشیں گھر پہنچتے ہی کہرام مچ گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں