شہریوں کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ،ڈی آئی جی
ایس ایس پی آپریشز کے ہمراہ مساجد ،امام بارگاہوںکا دورہ ،اہم ہدایات جاری
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر) ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس جواد طارق اور سینئر سپر ٹینڈنٹ آف پولیس آپریشنز قاضی علی رضا نے گزشتہ روز شہر کی مختلف مساجد ،امام بارہوں اور مختلف ڈیوٹی پوائنٹس کا دورہ کیا۔ فرائض منصبی کی ادائیگی پر مامور اسلام آباد پولیس کے افسران اور جوانوں کے ساتھ ملاقات کی ان کی حوصلہ افزائی کی اور بہترین فرائض کی انجام دہی پر شاباش دی۔ اس موقع پر ڈی آئی جی اسلام آباد نے تمام افسران و جوانوں کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ تمام افسران امن و عامہ کی صورتحال سے قانون کے مطابق نمٹنے کے لئے ہمہ وقت تیار رہیں۔اسلام آباد پولیس وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں امن و امان میں خلل ڈالنے کی ہرگز اجازت نہیں دے گی اور شہریوں کی جان و مال اور نجی و سرکاری املاک کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات اٹھاتے ہوئے تمام تر وسائل بروئے کار لائے گی۔