ٹریفک پولیس کے پیپر لیس لائسنسنگ پراسیس کاافتتاح
آئی جی کا کاؤنٹرز کا معائنہ ، پولیس کارکردگی بارے اجلا س،ڈی آئی جی موٹر وے سے ملاقات
اسلام آباد (خصوصی رپورٹر)انسپکٹر جنرل آف پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت رات گئے اہم اجلاس منعقد ہواجس میں محکمہ پولیس کی مجموعی کارکردگی، عوامی خدمت کے معیار اور داخلی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔ آئی جی نے افسران کو دیے گئے اہداف بالخصوص پبلک سروس ڈیلیوری، عوامی سہولت، پولیس افسران کی پیشہ ورانہ تربیت اور پولیس ویلفیئرپر پیش رفت کا جائزہ لیا اور کارکردگی کو مزید مؤثر بنانے کے لئے واضح ہدایات جاری کیں۔ ادھر آئی جی نے ڈی آئی جی موٹروے پولیس عمران شاہد کے ساتھ ملاقات کی۔ ملاقات میں ٹریفک مینجمنٹ، سکیورٹی امور اور باہمی کوآرڈینیشن کو مزید مؤثر بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں انہوں نے ٹریفک پولیس ہیڈکوارٹرز فیض آباد کا دورہ کیا۔ آئی جی اسلام آباد نے لائسنسنگ نظام میں جدت لاتے ہوئے اسلام آباد ٹریفک پولیس کے پیپر لیس لائسنسنگ پراسیس کا باقاعدہ افتتاح کیا۔ انہوں نے پیپر لیس کاؤنٹرز کا ازخود معائنہ کیا اور وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا تفصیلی جائزہ لیا ۔